جمعرات 4 جون 2026 - 08:55
امام خمینی (رہ) نے انقلاب اسلامی کے ذریعہ عوام کو اسلام کی صحیح اور آئیڈیل تصویر دکھائی اور اس کا عملی نمونہ پیش کیا

حوزہ / علامہ ساجد نقوی نے کہا: امام خمینی (رہ) کی عظیم شخصیت نے جہاں ایران کی عوام کو قدیم زمانے سے چلے آنے والے فاسد بادشاہی نظام سے نجات بخشی وہیں پوری دنیا کیلئے ایک مشعل راہ کی حیثیت سے افق کے عالم پر نمودارہوئی جس نے گھٹا ٹوپ اندھیروں میں روشنی کی شمع روشن کر دی

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رہ) کی37 ویں برسی کے موقع جاری اپنے پیغام میں کہا: امام خمینی (رہ) اسلامی معاشرے کی برجستہ علمی و انقلابی شخصیت تھے جنہوں نے علم و شعور اور عمل وکردار کے ذریعے مسلمانوں کی صحیح خطوط پر رہنمائی کرکے بے مثال کردار ادا کیا اور انقلاب اسلامی کے ذریعہ عوام کو اسلام کی صحیح اور آئیڈیل تصویر دکھائی اور اس کا عملی نمونہ پیش کیا۔ جس کے اثرات آج بھی عالم اسلام میں نظر آتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: ان کی 37 ویں برسی ہم ایسے عالم میں منارہے ہیں جب صہیونیت و سامراج نے ان کے خط پر من و عن گامزن ان کے جانشین حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کو شہید کرکے یہ سمجھا کہ شاید وہ اس طرح انقلاب اسلامی کی اثرات کو روک پائیں گے لیکن الحمد للہ انقلاب اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ رہبر معظم انقلاب آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں باوقار انداز میں آگے بڑھ رہا ہے۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا: امام خمینی (رہ) انبیا ءکی روش اور طریقہ کار کے ذریعہ انسانوں میں معنوی اور پوشیدہ صفات کو بیدار کرتے تھے۔ انہوں نے اپنی جدوجہد کے آغاز سے لے کر اپنی زندگی کے آخری لمحات تک میدان عمل میں ایک بہترین مصلح کا کر دار ادا کیا نیز قوم کے بحر بیکران کو اپنے عالی اہداف کی طرف رہبری کرتے ہوئے بہترین انداز میں فرائض کو انجام دیا۔ ان کی پُرثمر زندگی سے اقوام عالم کو یہ درس ملتا ہے کہ اپنے اندر خود اعتمادی اور تبدیلی کے جذبے کو مزید تقویت دیں تاکہ سامراجی طاقتوں کی سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے قوم و ملت کی ترقی و وقار کا باعث بنیں۔

انہوں نے مزید کہا: امام خمینی (رہ) کی عظیم شخصیت نے جہاں ایران کی عوام کو قدیم زمانے سے چلے آنے والے فاسد بادشاہی نظام سے نجات بخشی وہیں پوری دنیا کیلئے ایک مشعل راہ کی حیثیت سے افق کے عالم پر نمودارہوئی جس نے گھٹا ٹوپ اندھیروں میں روشنی کی شمع روشن کر دی۔ اس وقت کوئی یہ تصور بھی نہیں کر سکتا تھا کہ کوئی ایسی تحریک بھی ہوسکتی ہے جو نہ مشرق سے وابستہ ہو اور نہ مغرب سے اس فضا میں انقلاب اسلامی ”لاشرقیہ ولا غربیہ “کے نعرے کےساتھ اپنی کامیابی کی منزل کی جانب رواں دواں ہے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا: امام خمینی (رہ) کے دئیے ہوئے نظام مملکت اور معاشرت کے بعد عالمی سطح پر موجود اس پروپیگنڈے کا خاتمہ ہواکہ اسلام کے پاس مملکت چلانے یا عصر جدید کے تقاضوں کے مطابق کوئی لائحہ عمل یا نظام نہیں ہے ۔آپ نے نظریہ ولایت فقیہ اور حکومت اسلامی کاعملی نمونہ پیش کرکے دنیا پر یہ ثابت کردیا ہے کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے ،جس میں ہر شعبہ زندگی کےلئے نظام عمل موجود ہے، اقوام عالم کو ان کی شخصیت سے رہنمائی لیتے ہوئے بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے تاکہ دنیا کے مظلوم عوام ظلم کی چکی سے نکل سکیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha